Apr ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۸ Asia/Tehran
  • وینزوئیلا کے داخلی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کے خلاف ہیں، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ وہ وینزوئیلا میں ہر طرح کی غیرملکی مداخلت کا مخالف ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے وینزوئیلا میں جاری سیاسی بحران کے ردعمل میں کہا کہ تہران، کاراکاس کے داخلی معاملات میں ہر طرح کی غیر ملکی مداخلت کا مخالف اور وینزوئیلا کی خود مختاری اور اقتدار اعلی کے احترام پر زور دیتا ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وینزوئیلا میں جاری سیاسی بحران کسی بھی فریق کے نفع میں نہیں ہے اور اس سے اس ملک کے عوام پر مزید دباؤ بڑھے گا، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا اصولی موقف قانونی اور عوام کی منتخب کردہ حکومت کی حمایت کرنا ہے-

انہوں نے کہا کہ لاطینی امریکا کے ملکوں خاص طور پر وینزوئیلا میں امن و استحکام کی برقراری اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے-

واضح رہے کہ وینزوئیلا کی حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کے ساتھ مذاکرات کی آمادگی کے اعلان کے باوجود حزب اختلاف کی جماعتوں کے کارکن، کہ جنھیں امریکا کی پشتپناہی حاصل ہے، ملک میں شورش بپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں- 

پیر اور منگل کو کاراکاس میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں- 

وینزوئیلا کے صدر مادورو نے ملک میں شورش بپا کرنے کی کوشش کرنے والی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو غدار قرار دیا اور کہا کہ ایک عرصے سے وینزوئیلامیں بغاوت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ملک کے عوام بغاوت کی اس کوشش کو ناکام بنا دیں گے- 

وینزوئیلا کے صدر نے اس سے پہلے بھی کئی بار کہا ہے کہ امریکا، وینزوئیلا کی قانونی حکومت کو گرانے کے لئے ملک میں مخالف سیاسی جماعتوں کی کھل کر حمایت اور وینزوئیلا کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے-

 لاطینی امریکا کے ملکوں نے بھی وینزوئیلا کی قانونی اور منتخب حکومت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مسائل کو بات چیت کے ذریعے اور اغیار کی مداخلت کے بغیر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے-

ٹیگس