مودی حکومت اور طالبان میں بڑھتی نزدیکیاں، ہندوستان کا کابل میں ٹیکنیکل مشن کوسفارت خانے کا درجہ دینے کا اعلان
ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ٹیکنیکل مشن کوسفارت خانے کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں افغانستان کے کارگزار وزیر خارجہ امیر متقی اور ہندوستانی وزیرخارجہ ایس جےشنکر سے ملاقات میں، جے شنکر نے کابل میں ٹیکنیکل مشن کوسفارت خانے کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور کابل میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ دوہزار اکیس میں افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد نئی دہلی نے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا۔اس کے ایک سال بعد ہندوستان نے تجارت، طبی امداد اور انسانی امداد کے لیے ایک چھوٹا مشن کھولا تھا۔ اب اس ٹیکنیکل مشن کو ہندوستانی سفارت خانے کا درجہ دیا گیا ہے۔

اگست دوہزار اکیس میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ کسی اعلی افغان قیادت کا پہلا دورہ ہندوستان ہے۔ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سولہ اکتوبر تک ہندوستان کے دورے پر رہیں گے اس دوران وہ ہندوستان کے دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دونوں ملکوں کے بیچ تجارتی، اقتصادی، سفارتی اوردیگر شعبوں میں تعاون میں فروغ پانے کی اُمید ہے-