خطے کی بدامنی ہوشیاری کی متقاضی ہے، صدر روحانی
صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے خطے میں جاری بدامنی کی لہر کے مقابلے میں مکمل ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے چانسلروں کے ساتھ ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ خطے کی غیر یقینی صورتحال اور عدم استحکام کے پیش نظر انتہائی ہوشیاری سے کام لینے کی ضرورت ہے۔صدر حسن روحانی نے یونیورسٹیوں کو معاشرے کی خوشحالی اور عظیم سماجی تحرک کا گہوارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری یونیورسٹیوں نے اسلامی انقلاب کی تحریک اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گی۔صدر نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کی تربیت اور روزگار جیسے معاملات پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران افرادی قوت کے لحاظ سے زبردست توانائیوں کا مالک ہے جن سے ملک کی ترقی و پیشرفت کو تیز کرنے میں کام لیا جانا چاہیے۔ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک کی علمی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران تیز رفتار علمی ترقی کرنےوالے دنیا کے پچیس ملکوں میں پہلے نمبر پر ہے