Apr ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبے

تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ ایران کے عوام عنقریب ہونے والے انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کر کے اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت و عظمت کا شاندار مظاہرہ کریں گے-

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عوام کو انتخابات کی اہمیت پر خاص توجہ رکھنی چاہئے، کہا کہ ایران کے عوام انتخابات میں پرجوش شرکت کر کے دنیا پر ایک بار پھر واضح کریں گے کہ ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے-

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی ایک خصوصیت یہ ہونی چاہئے کہ وہ دشمنوں خاص طور پر امریکا سے مرعوب نہ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے صدر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کی ریشہ دوانیوں کے مقابلے میں پوری قوت کے ساتھ ڈٹ جانے کے جذبے سے سرشار ہونا چاہئے-

انہوں نے شام پر امریکا کے میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شام پر امریکا کی اس جارحیت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا-

تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکی خباثتوں میں ہر روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کہا کہ امریکا کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ وہ دوسرے ملکوں کو کمزور کرکے انہیں نابود کر دے-

آیت اللہ موحدی کرمانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کر کے امریکا کی دھمکیوں کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ضرورت ہے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج پوری قوت کے ساتھ دشمنوں کی دھمکیوں اور خطرات کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہیں-

  انہوں نے ایرانیوں کے حج کی ادائیگی کے تعلق سے ایران کے ادارہ حج و زیارت اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایرانی حکام کو صلاح دی کہ وہ ایرانی عازمین حج کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے بارے میں سعودی حکام کے زبانی وعدوں پر بھروسہ نہ کریں-

انہوں نے سعودی حکام کو امریکا کا غلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک سانحہ منی کا زخم نہیں بھرا ہے اور اگر حجاج کو مکمل سیکورٹی فراہم  نہیں ہوتی ہے تو حج کرنا واجب نہیں ہے-  

ٹیگس