Apr ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر تاکید

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے بے لگام دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدو جہد پر تاکید کی ہے۔

قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک خطرناک وائرس کی مانند سرحدوں سے باہر نکل چکی ہے اس بنا پر اس کے خلاف جنگ کے لئے مشترکہ، ہماہنگ اور بلاامتیاز رویہ اختیار کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے تہران میں روس کے صدر پوتن کے خصوصی ایلچی الکزینڈر لاورنتیف سے ملاقات میں کہا کہ یورپی ممالک کو اپنے شہریوں کی سیکورٹی کے تحفظ کے لئے علاقے کے بعض ممالک کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو فنڈز اور اسلحے کی ترسیل روکنا پڑے گی۔
علی شمخانی نے شام ایران اور روس کے درمیان موثر تعاون اور شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ایران نے خود کو ہمیشہ بحران شام کے خاتمے کے لئے سیاسی راہ حل کا پابند سمجھا ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ بے بنیاد بہانوں سے شام میں امریکہ کی فوجی مداخلت، بھی عراق و افغانستان میں ماضی کے غلط اور ناکام راستے پر چلنے کا نتیجہ ہے اور یقینا اس کا نتیجہ بھی امریکہ کی شکست کے سوا کچھ نہیں نکلے گا۔
اس ملاقات میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے خصوصی نمائندے الکزینڈر لاورنتیف نے شام میں قیام امن کے لئے سیاسی عمل میں ایران کے تعمیری کردار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اب بھی دہشت گردوں اور سیاسی راہ حل پر کاربند نہ رہنے والوں کے خلاف فوجی اقدام کا پابند ہے اور داعش، جبھۃ النصرہ اور اس سے وابستہ گروہوں کے خلاف بھرپور جنگ جاری رکھے گا۔

ٹیگس