Dec ۰۴, ۲۰۲۵ ۲۱:۴۴ Asia/Tehran
  • خلیج فارس کے ایرانی جزائر پر دعوی ، پڑوسی ایرانی ریڈ لائنوں کو کراس نہ کریں ، ایران کے اعلی حکام کا انتباہ

رہبر انقلاب کے مشیر ریئر ایڈمرل علی شمخانی نے خلیج فارس تعاون کونسل کے ایک بار پھر ایران کے تین جزائر اور آرش گیس فیلڈ پر دعوے کے دہرانے کے بعد خلیج فارس کے ساحلی ممالک کو خبردار کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران:ادھر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل علی فدوی نے خلیج فارس کو ایران کی ریڈ لائن قرار دیا ہے

رہبر انقلاب کے سینئر مشیر ریئر ایڈمرل علی شمخانی نے خلیج فارس تعاون کونسل " پی جی سی سی " کی جانب سے بار بار ایران کے تین جزائر اور آرش گیس فیلڈ پر دعووں کو غیر تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ممالک کو چاہیے کہ وہ ایرانی قوم کی ریڈلائن عبور کرنے کی غلطی نہ کریں۔ اس کے بجائے علاقائی سلامتی میں کردار ادا کریں۔ 
شمخانی نے اپنے ایکس سوشل اکاؤنٹ پر لکھا کہ پی جی سی سی کے ایران کے جزائر اور آرش فیلڈ سے متعلق دعوے بچگانہ ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا بارہ روزہ جنگ کے دوران ایران نے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا، حالانکہ جارحیت کے لیے کچھ علاقائی حمایت حاصل تھی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی خلیج فارس میں طاقت کو غلط نہ سمجھا جائے، پڑوسیوں کا کردار سلامتی قائم کرنا ہے نہ کہ ایرانی عوام کی سرخ لکیروں سے کھیلنا۔
 

 

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

ادھرسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل علی فدوی نے خلیج فارس کو ایران کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر خطرے کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
صوبہ ہرمزگان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل علی فدوی کا کہنا تھا کہ اس آبی گزرگاہ سے روزانہ 20 ملین بیرل سے زیادہ تیل سپلائی ہوتا ہے اور دنیا کو خلیج فارس کی توانائی کی ضرورت ہے جس میں آنے والے برسوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بیرونی قوتوں کی جانب سے علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دشمن نے ہماری سلامتی کو خطرہ میں ڈالنے کی کوشش کی تو ہم پوری طاقت کے ساتھ ان سے نمٹیں گے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے امریکہ اور صیہونی حکومت کو دنیا میں عدم استحکام کی جڑ اور خلیج فارس اور لاطینی امریکہ میں تنازعات کا اصل ذمہ دار قرار دیا۔
واضح رہے خلیج فارس تعاون کونسل نے ایک بار پھر ایران کے تین جزائر اور آرش گیس فیلڈ پر اپنے پرانے دعوؤں کو دہرایا ہے۔ یہ دعوے بدھ کی شب بحرین میں منعقدہ چھیالیسویں سربراہی اجلاس کے اختتامی بیان میں کیے گئے۔ 

 

ٹیگس