May ۰۶, ۲۰۲۳ ۰۷:۲۵ Asia/Tehran
  • امریکہ صیہونی حکومت کے تمام دہشتگردانہ اقدامات کا ذمہ دار ہے، اُسے نتائج بھگتنا ہوں گے: ایران

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی شمخانی نے ناجائز صیہونی حکومت کی حمایت پر مبنی امریکی قومی سلامتی کونسل کے مشیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکہ کو صیہونی حکومت کے تمام تر دہشتگردانہ اقدامات کا ذمہ دار قرار دیا۔

سحر نیوز/ایران: فارس نیوز کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان نے ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ایک بار پھر کچھ بے بنیاد دعووں کا اعادہ کیا اور کہا کہ امریکی صدر جوبایڈن کا اس بات پر زور ہے کہ ایران کو ایٹمی اسلحوں تک رسائی سے باز رکھا جائے۔

امریکی مشیر برائے قومی سلامتی نے صیہونی حکومت کی حمایت کے اپنے موقف کا پھر سے اعادہ کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ایران ایٹم بم بنا لیتا ہے تو امریکہ اس کے جواب میں اسرائیل کی آزادی عمل کی مکمل حمایت کرے گا۔

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے مشیر علی شمخانی نے جیک سالیوان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ امریکی عہدے دار کے اس اعتراف کا مطلب یہ ہوا کہ ایران کی ایٹمی شخصیات اور تنصیبات کے خلاف صیہونی حکومت کے تمام دہشتگردانہ اقدامات کا ذمہ دار امریکہ تھا اور رہے گا اور اُسے اس کے نتائج سے بھی روبرو ہونا پڑے گا۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ امریکہ کا ایسا عہد ہے جس میں کبھی کوئی خلل واقع نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ایک بار پھر ایران کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام قابل توجہ حد تک ترقی کر چکا ہے اور یہ علاقے بلکہ دنیا منجملہ امریکہ کے لئے ایک حقیقی خطرہ ہے۔

ٹیگس