May ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • تیل و گیس کے حامل علاقے کی اہمیت پر ایران کی تاکید

ایران کی پارلیمینٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کا علاقہ، تیل اور گیس کے شعبے کے پیش نظر ایک اہم ترین علاقہ ہے جو دنیا کے بیشتر ملکوں پر اثرانداز ہوتا ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے تہران میں تیل و گیس اور پیٹروکیمیکل کی بائیسویں نمائش میں ایک بیان میں ایران میں پائے جانے والے پائدار امن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں امن و سلامتی کے پیش نظر تیل اور گیس، سرمایہ کاری کے بہترین شعبے ہیں۔

تہران میں تیل ، گیس اور پیٹروکیمیکل کی بائیسویں نمائش، سینکڑوں ایرانی اور دنیا کے سینتیس ملکوں کی ڈیڑھ ہزار کمپنیوں کی شرکت سے ہفتے کے روز شروع ہوئی ہے۔

 ڈاکٹر لاریجانی نے علاقے کی حساس صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ عشرے کے دوران مشرق وسطی کے علاقے میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے تاہم حالیہ برسوں کے دوران ایران کی پالیسیوں کے نتیجے میں علاقے کی صورت حال کافی بدلی ہے اور عالمی برادری نے ایران کی پالیسیوں کو تسلیم کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کے باوجود علاقے کے بعض ملکوں کے رویے کی بنا پر دہشت گردوں کا موضوع علاقے میں سرفہرست بنا رہا ہے اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ دہشت گردوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے علاقے کے بعض مسائل منجملہ یمن و بحرین کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ کوئی بھی معمولی سی غلطی، سیکورٹی کے اعتبار سے پورے علاقے کی صورت حال کو تبدیل کر سکتی ہے۔

 

ٹیگس