انتخابات میں موجودگی، دشمن پر رعب و دبدبے کا موجب : رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید
رہبر انقلاب اسلامی نے مختلف میدانوں خاص طور سے انتخابات میں عوام کی بھرپور موجودگی کو تحفظ، ملت ایران کے مفادات کی حفاظت اور دشمن کی نگاہوں میں اسلامی نظام کے رعب و دبدبے کا باعث قرار دیا ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کو ہفتہ معلم کی مناسبت سے ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ، طلبہ، ثقافتی شخصیات اور وزارت تعلیم کے حکام سے ملاقات میں انتخابات کو ایک بنیادی موضوع اور اسلامی جمہوری نظام میں دینی جمہوری فکر کا نتیجہ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ فرمایا کہ انیس مئی دو ہزار سترہ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں مختلف سیاسی طرز فکر کے حامل تمام لوگوں کی موجودگی، قدرت و اقتدار کی حفاظت، رعب و دبدبے اور ایران کے تحفظ کی ضامن ہے اور اس طرح کی موجودگی سے دشمن، ملت ایران کے مقابلے میں کوئی اقدام بھی نہیں کر سکے گا-
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے یاد دہانی فرمائی کہ اسلامی جمہوری نظام میں ایسا نہیں ہے کہ جمہوریہ، اسلام کے ساتھ جڑا ہوا ہو اور اگر انتخابات نہ ہوتے تو آج اسلامی جمہوریہ ایران کا نام و نشان تک باقی نہ ہوتا-
آپ نے فرمایا کہ دشمن کی دشمنی کے مقابلے میں واحد رکاوٹ، میدان عمل میں عوام کی موجودگی ہے کیونکہ مضبوط، ذہین اور لاکھوں نوجوانوں کی حامل آٹھ کروڑ کی آبادی والے ملک کا رعب و دبدبہ، دشمن کے دل میں خوف پیدا کرتا ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انتخابات میں اصلی اور اہم موضوع، بیلٹ باکسوں میں ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ مراکز پر عوام کی موجودگی ہے تاکہ یہ ثابت کر دکھائیں کہ وہ اسلام اور نظام کے دفاع کے لئے تیار ہیں اور وہ ایران کی سلامتی کا تحفظ کریں گے-
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے وزارت تعلیم کو ایران میں علم و تحقیق کا بنیادی ڈھانچہ قرار دیا اور فرمایا کہ اگر وزارت تعلیم، پروگرام اور صحیح پالیسیوں کے مطابق قدم اٹھائے گی تو ایران، علم و تحقیق سے مالامال ہو جائے گا-