ایران: انتخابات کے لئے پولنگ شروع
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے آج ووٹنگ ہوگی جس میں 56 ملین 5 لاکھ افراد اپنا ووٹ استعمال کرنے کے مجاز ہیں ، صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر روحانی اور سید ابراہیم رئیسی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔
انتخابات میں 56 ملین 5 لاکھ افراد اپنا ووٹ استعمال کرنے کے مجاز ہیں ۔ صدارتی انتخابات میں موجودہ صدرحسن روحانی اور سید ابراہیم رئیسی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اسلامی جمہوری ایران کے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی مہم کی وجہ سے خاص طور پرصدارتی الیکشن کی مہم کی بناپر پچھلے کئی ہفتے سے پورے ایران میں انتخابی گہماگہمی عروج پرتھی اور آج ایران کے عوام دنیا والوں کے سامنے اپنی دینی جمہوریت کے نظرئے کا شاندار جلوہ پیش کرنے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کرچکے ہیں۔
صدارتی انتخابات کے 6 امیدواروں میں سے تہران کے میئر اور صدارتی امیدوار محمد باقر قالیباف نے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہوکر دوسرے اہم صدارتی امیدوارسید ابراہیم رئیسی کی حمایت کا اعلان کیا جبکہ نائب صدر اور صدارتی امیدوار اسحاق جہانگیری نے بھی صدارتی انتخابات سے دستبردار ہوکر صدر روحانی کی حمایت کا اعلان کیا جس کے بعد سید ابراہیم رئیسی اور صدر روحانی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔ صدارتی انتخابات کے مقابلے میں اب صرف 4 امیدوار حسن روحانی ، سید ابراہیم رئیسی سید مصطفی میرسلیم اورسید مصطفی ہاشمی طبا، میدان میں رہ گئے ہیں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے مطابق ایران کا ہر شہری خواہ وہ کسی بھی مذہب و مسلک سے ہو، کسی بھی قوم ونسل و زبان کا ہو اگر اس کے پاس ایرانی شہریت اور ایران کا شناختی کارڈ ہے اور عمر بھی اٹھارہ سال ہے تو وہ ووٹ ڈالنے کا حقدار ہوتاہے اور پوری آزادی نظر اور فکر کے ساتھ کسی بھی امیدوار کو ووٹ دینے کا حق رکھتا ہے-