انتخابات میں عوام کی شرکت قومی طاقت کی علامت : صدر روحانی
ایران میں صدارتی انتخابات کے امیدواروں ڈاکٹرحسن روحانی ، سید ابراہیم رئیسی، سید مصطفی میرسلیم اورسید ہاشمی طبا نے آج مختلف پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹ ڈالے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے جمعہ کے روز تہران میں 12ویں صدارتی اور پانچویں دیہی-شہری اسلامی کونسلز کے انتخابات کے لئے ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایرانی عوام کے لئے بہت ہی خوشی کا دن ہے کیونکہ وہ اپنی موجودگی کے ساتھ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو قومی طاقت کی علامت قراردیا ۔
12ویں صدارتی امیدوار اور موجودہ صدرحسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوری نظام کی کامیابیوں میں سے ایک قومی خودمختاری ہے اور دیہی علاقوں اور شہروں میں ایرانی عوام کی موجودگی اس کی علامت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایران بھر کے صوبوں، شہروں اور دیہی علاقوں میں ووٹروں میں خاصہ جوش خروش پایا جاتا ہے اور ان کی بھرپور موجودگی قومی طاقت اور امن و امان کی بہتر صورتحال کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی و فروغ کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران میں 12ویں صدارتی انتخابات اور پانچویں شہری،دیہی اسلامی کونسلز (لوکل باڈیز) کے انتخابات کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔
اس وقت ایران سمیت دنیا کے 102 ممالک بشمول پاکستان، ہندوستان، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا، چین، عراق، ترکی، افغانستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں 12ویں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے ۔
صدارتی انتخابات کے مقابلے، 4 امیدواروں حسن روحانی ، سید ابراہیم رئیسی، سید مصطفی میرسلیم اورسید ہاشمی طبا، کے مابین ہو رہے ہیں تاہم اصل مقابلہ موجودہ صدرروحانی اورسید ابراہیم رئیسی کے مابین ہے۔