May ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • بحرینی عدالت کا گستاخانہ فیصلہ، ایران کی جانب سے مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے بحرین کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف بحرین کی نمائشی عدالت کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرین کے بزرگ عالم دین اور مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو بحرینی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت مذہبی اور مسلکی اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم اور ان کے ساتھیوں پر بے بنیاد الزامات عائد کر کے مذہبی اور دینی معاملات کی بساط لپیٹ دینا چاہتی ہے-

بحرینی حکومت کی نمائشی عدالت نے اتوار کو اپنے ایک فیصلے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے، البتہ اس فیصلے پر عمل درآمد کو تین سال تک کے لئے موخر کر دیا ہے-

بحرینی عدالت نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے- 

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آل خلیفہ کی عدالت نے شیخ عیسی قاسم کے دفتر میں عوام کی جانب سے دینی اور شرعی رقومات منجملہ خمس کی رقومات جمع کئے جانے جیسے شرعی عمل کو منی لانڈرنگ قرار دیا ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر بحرینی حکام کو صلاح دی ہے کہ وہ  عوام کی سیاسی آزادی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور عوام کا مقابلہ کرنے کے بجائے ان سے مفاہمت اور بات چیت کا راستہ اپنائیں اور اپنے اس قسم کے اقدامات سے بحرین کی صورت حال کو مزید پیچیدہ نہ بنائیں-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرینی عوام کے نزدیک آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے احترام  کا حوالہ دیتے ہوئے آل خلیفہ حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ان کی شان میں کسی بھی طرح کی گستاخی کرنے سے باز رہے-

اس درمیان بحرینی عوام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو  سنائی گئی سزائے قید کے خلاف پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے کئے اور اتوار کو یوم غضب منایا-

بحرین کے علما نے بھی عوام سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر نکلیں اور آل خلیفہ حکومت کے اس اقدام کی بھرپور مخالفت کریں- جمعیت الوفاق نے بھی اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سبھی قانونی طریقوں کا سہارا لے کر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو سنائی گئی سزائے قید کی بھرپور مخالفت کریں-

دریں اثنا عدالتی فیصلے کے بعد بڑی تعداد میں بحرینی شہریوں نے ملک کے مختلف علاقوں خاص طور پر الدراز میں کہ جہاں شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ واقع ہے، بحرینی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت اور اپنے مذہبی قائد سے یکجہتی کے اظہار کے لئے مظاہرہ کیا-  

 

 

ٹیگس