May ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • ایران کے صدارتی انتخابات صاف و شفاف

اسلامی جمہوریہ ایران کی شورائے نگہبان(گارڈین کونسل) نے 19 مئی کو ملک میں ہونے والے 12ویں صدارتی انتخابات کو شفاف قرار دے دیا۔

شورائے نگہبان نے منگل کی رات اپنے ایک بیان میں صدارتی انتخابات کی شفافیت کی توثیق کی ہے۔ اس بیان میں ایران کے تمام صوبوں اورعلاقوں میں ہونے والے انتخاباتی عمل کو صاف و شفاف قراردیا گیا ہے.

گارڈین کونسل نے انتخابات میں ایرانی قوم کی تاریخی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ملک میں اسلامی جمہوری نظام اور اسلامی انقلاب کی جڑیں مضبوط کیں.

واضح رہے کہ 19 مئی کو ایران بھر میں صدارتی انتخابات کے لئے 63 ہزار 500 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔

12ویں صدارتی انتخابات  میں ایران کی گارڈین کونسل کی جانب سے 6 حتمی امیدواروں کی اہلیت کی تصدیق کردی گئی تھی تاہم میئر تہران محمد باقر قالیباف اور سنئیر نائب صدر اسحاق جہانگیری کے دستبردار ہونے کے بعد ڈاکٹر حسن روحانی ، سید ابراہیم رئیسی، سابق وزیر ثقافت سید مصطفی آقا میرسلیم اور سابق وزیر کھیل سید مصطفی ہاشمی طبا صدارتی انتخابات کے معرکے میں تھے.

ایران کے مرکزی الیکشن آفس کے سربراہ علی اصغر احمدی کے مطابق 12ویں صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر حسن روحانی  23 ملین 5 لاکھ 49 ہزار 616 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے انہوں نے کل ووٹوں میں سے 57 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی ۔ جبکہ سید ابراہیم رئیسی 15 ملین 7 لاکھ 86 ہزار 449 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پررہے ۔

 

ٹیگس