Jun ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • انتخابات کے اصل فاتح رہبر معظم اور ایرانی عوام

ایرانی عوام انتخابات میں تاریخی شرکت کرکے دنیا میں سرخرو ہوگئے ہیں ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کل رات کابینہ کے ممبران، حکومتی عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ افطار پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منعقد ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات کے اصل فاتح رہبر انقلاب اسلامی اور ایرانی عوام ہی ہیں، انتخابات میں تاریخی شرکت کرکے ہماری قوم دنیا میں سربلند ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات، ایرانی عوام کے لئے سیاسی، سماجی اور بین الاقوامی لحاظ سے ایک بڑا امتحان تھا جس میں وہ بھرپور شرکت کرکے دنیا کے سامنے سرخرو ہوگئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ کی بندگی اور مہمانی کا مہینہ ہے اور رمضان کا مقصد صبر، تحمل اور تزکیہ نفس ہے اور یہ مہینہ مشکلات اور دشواریوں کے سامنے انسان کے صبر و استقامت کی تقویت کا باعث ہے۔

صدر روحانی نے کہا کہ موجودہ ایرانی حکومت نے اپنے چارسالہ دور میں اقتصادی ترقی کو 8 فیصد تک لانے، افراط زر میں نمایاں کمی بالخصوص دنیا کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو توسیع دینے اور تیل کی برآمدات کو مزید بڑھانے میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ 12ویں صدارتی انتخابات میں حسن روحانی 23 ملین 5 لاکھ 49 ہزار 616 ووٹ کے ساتھ کامیاب رہے۔ انہیں 57 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔

ٹیگس