دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ذرائع ابلاغ کے کردار پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر کردار کے حامل ہیں
ایران کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے کے سربراہ عبدالعلی علی عسکری نے چین کے شہر چینگ داؤ میں ایشیائی ذرائع ابلاغ کے چودھویں بین الاقوامی اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف جد وجہد میں ذرائع ابلاغ کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ ناانصافیوں کی ہی وجہ سے دہشت گردی وجود میں آتی ہے - انہوں نے اس اجلاس کے چیئرمین کی حیثیت سے تقریرکرتے ہوئے کہا کہ امن و صلح و دوستی اور اخلاق و معنویت کی ترویج اور ساتھ ہی دین کو خطرناک بنا کر پیش کئے جانے کی سازشوں کے خلاف جد وجہد میں آج میڈیا پر بہت سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے - ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا کوجنگ ، بدامنی اور خاص طور پر دہشت گردی جیسی لعنت کا سامنا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ انسانی معاشروں میں پرامن بقائے باہمی کی فکر کو اچھی طرح رائج نہیں کیا جاسکا ہے - ایشیائی ذرائع ابلاغ کا چودھواں بین الاقوامی اجلاس منگل کو چین کے شہر چینگ داؤ میں شروع ہوا ہے جو آئندہ تین روز تک جاری رہے گا -