Jan ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران کے نشریاتی اداروں پر پابندیاں، مغربی آمریت کی نشانی ہے: ڈاکٹرپیمان جبلی

ایران کے نشریاتی ادارے کے سربراہ نے قومی نشریاتی اداروں پرعائد کی جانے والی پابندیوں کو ڈکٹیٹر شپ کی کھلی مثال قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے نشریاتی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ آزادی بیان اور جمہوریت کے احترام کا دعوی کرنے والوں کے بیانات اور کردار میں کھلا تضاد پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے قومی نشریاتی اداروں کے خلاف کی جانے والی پابندیاں اسی تضاد کی کھلی نشانیاں ہیں ۔

پیمان جبلی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا قومی  نشریاتی ادارہ آئی آر آئی بی ایک آزاد ملک کا قومی میڈیا ہے، واضح کیا کہ نشریاتی ادارہ معاشرے اور ملک کی ضروریات اور حالات کے مطابق مواد تیار اور اسے نشر کرتا ہے۔

ایران کے قومی نشریاتی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ مغربی اور عالمی ادارے ایران کے قومی نشریاتی اداروں پر پابندیاں عائد کرکے اپنی آمرانہ سوچ کا ثبوت پیش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یورپی یونین نے چودہ نومبر دوہزار بائیس کو جمہوریت کی حمایت کے نام پر، ایران کے انگریزی زبان کے نیوز چینل پریس ٹی وی کی نشریات پر پابندی لگانے کے علاوہ بعض ایرانی  میڈیا ڈائریکٹروں کو بلیک لسٹ بھی کردیا ہے۔ فرانسیسی کمپنی یوٹیل سیٹ نے بھی  ایران کے تمام نشریاتی اداروں کی عالمی نشریات بند کردی ہیں۔

ٹیگس