Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • دشمنوں کی  سازشوں کو ناکام بنانے میں ایران کے ریڈیو ٹی وی کا موثر کردار: پیمان جبلی

ایران کے ریڈیو ٹیلیویژن کے ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ نے غیر ملکی نشریات کے پہلے نشریاتی پروگراموں کے فیسٹیول سے خطاب میں عالمی نشریاتی چینلوں کی کاوشوں کو سراہا اور دشمن کی چوطرفہ جنگ اور میڈیا کی سازشوں کو ناکام بنانے میں ان کے کردار کی اہمیت پر زور دیا ۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے ریڈیو ٹیلیویژن ادارے کے سربراہ پیمان جبلی نے اس تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ فارسی زبان کی نشریات میں دشمن چینلوں کی جانب سے ایرانی قوم کے عقائد و ثقافت نیز آداب و رسوم کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ  یہ چوطرفہ  جنگ پہلے تو عراق کی اس وقت کی صدام حکومت کی جانب سے مسلط کی جانے والی جنگ کی صورت میں لڑی گئی اور ایران کے خلاف مسلط کی جانے والی اس جنگ میں مغرب نے عراق کی اس وقت کی  جارح صدام حکومت کی بھرپور حمایت کی۔ 
انھوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے توانائیوں اور صلاحیتوں کا مظاہرہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں بہت مددگار ثابت ہوا۔
پیمان جبلی نے ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے سعودی عرب کی کوشش اور اسی طرح جوہری مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے امریکی حکام کے پیغام کو معاشی و علمی جنگ میں ایران کے کامیاب ہونے کی ایک اور علامت قرار دیا جس نے مختلف ملکوں کو ایران کے ساتھ مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔
ایران کے ریڈیو ٹیلیویژن کے قومی ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ پیمان جبلی نے عالمی نشریاتی سروس کی تشہیراتی توانائی، بروئے کار لائے جانے کو دشمنوں کی ثقاتی سازشوں کو ناکام بنانے میں موثر قرار دیا۔ 
اس تقریب کے موقع پر ایران کے ادارہ آئی بی آئی آر کی  عالمی سرویس کے سربراہ احمد نوروزی نے بھی کہا کہ کثیر قطبی نظام آج پہلے سے کہیں زیادہ ضروری سمجھا جاتا ہے اور ظاہر ہے کہ تسلط پسندانہ نظام اپنی تمام تر توانائی سے نئے عالمی نظام کی تشکیل کو روکنے کی اپنی پوری کوشش کر رہا ہے۔ 
انھوں نے اسی طرح شہید ریچل کوری کی بیسویں برسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید ریچل کوری نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ ظلم و جارحیت کا مقابلہ کسی دین و مذہب تک محدود نہیں ہے اور مشترکہ انسانی امنگوں کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کئے جانے تک آگے بڑھے جانے کی ضرورت ہے۔ 
آئی آرآئی بی کی عالمی سروس کے فیسٹیول کے سیکریٹری علی برزی نے فیسٹیول  کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور غاصبانہ قبضے کے مقابلے میں فلسطینی نوجوانوں کی استقامت اور انسانی اور اسلامی اصولوں  کی پابندی کی شناخت ہی صحیح معیار ہے ۔
 انھوں نے کہا کہ ہر کسی کو انسانی وقار اور اسلامی اقدار کی حمایت کرنے کا حق حاصل ہے اور فلسطین کے مظلوم عوام کے دفاع میں ڈٹے رہنا چاہئے اور اس راہ میں کسی کوشش سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول فلسطینی عوام کی حمایت میں مختلف طرح کے پروگرام بنانے کی حمایت میں معنقد کیا گیا ہے۔
علی برزی نے اس فیسٹیول کا ایک اور مقصد آئی آر آئی بی کی عالمی سرویس کے مختلف چینلوں کے پروگراموں کے منصوبہ سازوں کے گروہ سے واقف کرانا قرار دیا جس میں پندرہ ٹی وی چینل اور تیس ریڈیو کی نشریات شامل ہیں۔   
واضح رہے کہ آئی آرآئی بی کی عالمی سروس کا یہ فیسٹیول بدھ کو منعقد ہوا جس میں سحرعالمی نیٹ ورک میں شامل نشریاتی چینلوں کے علاوہ العالم اور پریس ٹی وی اور ایران پریس نیوز ایجنسی سمیت غیر فارسی زبانوں میں نشریات پیش کرنے والے آئی آر آئی بی کی عالمی سروس کے سبھی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں اورخبررسانی کے اداروں نے شرکت کی ۔ 
فیسٹیول میں بہترین کارکردگی پر منتخب پروگراموں اور انہیں تیار کرنے والوں کی قدردانی بھی کی گئی۔ 

ٹیگس