محفوظ ہوائی ٹرانسپورٹ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: رضا جعفر زادہ
ایران کے ادارہ ہوابازی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کا ادارہ ہوابازی، علاقے میں منظم اور محفوظ بین الاقوامی ہوائی ٹرانسپورٹ کے لئے تمام وسائل بروئےکار لائے گا۔
ایران کے ادارہ ہوا بازی کے ترجمان رضا جعفرزادہ نے ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ قطر کے ساتھ کچھ عرب ممالک کی کشیدگی بڑھنے اور قطرایئرلائن کے طیاروں پر ان ملکوں کے فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی کے بعد تہران نے دوحہ اور ہوا بازی کے بین الاقوامی ادارے کی جانب سے قطرایئرلائن کو ایران کی فضاؤں کو استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے-
جعفرزادہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ علاقے میں بین الاقوامی ایمرجنسی ٹیم کے ساتھ ہم آہنگی سے کیا گیا ہے-
ایران ایئرپورٹ اور اربن کمپنی کے ڈائریکٹر رحمت اللہ مہ آبادی نے بھی اس سلسلے میں کہا کہ ایران کی فضاؤں سے قطر ائرلائن کے طیاروں کی پرواز سے ملک کے فضائی ٹرانسپورٹ میں سو سے ڈیڑہ سو پروازوں کا اضافہ ہو جائے گا-