Jun ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران: اسلامی انقلاب کے آغاز سے ہی دہشت گردی کا شکار

ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو انقلاب اسلامی کے آغاز سے ہی دہشت گردی کا سامنا رہا ہے اور ایران گذشتہ 38 سال سے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے انقلاب کی ثقافتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 7 جون کو تہران میں رونما ہونے والے دہشتگردی کے واقعات  کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جن میں 17 افراد شہید اور 52 زخمی ہوئے تھے کہا کہ ایران نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں ہزاروں شہید دیے اور بظاہر انسانی حقوق کے مدعی ممالک آج بھی ان دہشت گردوں کو پناہ دیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ اور مغربی ممالک کا اتحاد محض ایک دھوکہ ہے امریکہ تکفیری دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ  دنیا نے آج اپنی آنکھوں سے دیکھ  لیا ہے کہ دہشت گردوں کے حامی ممالک اب ایک دوسرے پر دہشت گردی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے سکیورٹی دستوں نے دہشت گردی کے کئی واقعات کو وقت سے پہلے ہی ناکام بنادیا اور دہشت گردوں کی کئی ٹیموں کو ختم یا وقت سے پہلے ہی گرفتار کرلیا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایران میں کوئی جگہ نہیں اور دہشت گردوں کا عنقریب خاتمہ ہوجائے گا۔

 

ٹیگس