امریکہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کی پابندی کرے: ایران
ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے مندوب نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکہ کو مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل کرنا چاہئے۔
ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے بورڈ آف گورنرس کے اجلاس کے اختتام پر صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکثر رکن ممالک کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان جاری رہنے کی حمایت کی گئی ہے۔
ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے نمائندے نے اس اجلاس میں ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی مکمل پابندی کئے جانے پر مبنی آئی اے ای اے کی رپورٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کو جاری رکھنے اور اس کی پابندی کرنے کاانحصارگروپ پانچ جمع ایک کے رکن ممالک کی جانب سے بھی اس معاہدے کی پابندی کئے جانے پر ہے۔
رضا نجفی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صرف مشترکہ جامع ایکشن پلان کے مشترکہ نگراں کمیشن کے اراکین کو ہی اس کی شقوں کی تشریح کرنے کا حق ہے کہا کہ ایران نے اس اجلاس میں تاکید کی ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کی تشریح ، بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں نہیں ہونا چاہئے۔
بورڈ آف گورنرس کا اجلاس ، پیر سے شروع ہوا ہے اور جمعے تک جاری رہے گا۔