آئی اے ای اے کو بارہ روزہ جنگ کے دوران ایران کی ایٹمی تنصیبات کے خلاف جارحیت پر اپنا موقف واضح کرنا ہوگا: محمد اسلامی
ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کو بارہ روزہ جنگ کے دوران ایران کی ایٹمی تنصیبات کے خلاف ہونے والی جارحیت پر اپنا موقف واضح کرنا ہوگا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے جمعرات کو نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن ایٹمی تنصیبات پر حملہ ہوا ہے ان کے معائنے سے متعلق واضح ضابطۂ کار طے ہونا چاہیے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کو اس حوالے سے خط لکھا جاچکا ہے اور ایجنسی کو بتانا ہوگا کہ وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کے بارے میں کیا موقف رکھتی ہے۔
محمد اسلامی نے مزید کہا کہ جب کسی ایٹمی سائٹ پر فوجی حملہ ہوتا ہے اور اس سے ماحولیاتی خطرات پیدا ہوتے ہیں تو ایسے مقامات کے معائنے کے لئے واضح ہدایات اور طریقۂ کار ہونا ضروری ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس میں یہ تجویز پیش کی تھی کہ ایٹمی تنصیبات پر حملوں کی ممانعت ہونی چاہیے تاہم اس پر غور نہیں کیا گیا، ان کے مطابق رافائل گروسی کو پہلے اپنا موقف واضح کرنا چاہیے اور یہ بتانا چاہیے کہ رسائي اور معائنہ کس طرح ہوگا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اب تک صرف ان ایٹمی تنصیبات کا معائنہ ہوا ہے جو حملوں سے محفوظ رہیں جبکہ بمباری سے متاثرہ مقامات کا معائنہ نہیں کیا گيا اور اس وقت آئی اے ای اے کے معائنہ کار ایران میں موجود نہیں ہیں۔