ایران میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ
ایران کے انٹیلی جنس کے وزیر نے کل چابھار اور کردستان میں ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے دونیٹ ورک کو تباہ کرنے کا اعلان کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے انٹیلی جنس کے وزیر محمود علوی نے کہا کہ چابھار میں ایک کامیاب آپریشن میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا اور اس آپریشن کے دوران وزارت انٹیلی جنس کا ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا ۔
انٹیلی جنس کے وزیر محمود علوی نے کہا کہ صوبہ کردستان میں بھی ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ایک نیٹ ورک کو تباہ کیا گیا ہے۔
علوی نے کہا کہ سعودی عرب دہشتگرد گروہوں کی مالی مدد کرتا ہے اورہمسایہ ملکوں سے کئی دہشتگردوں کو ایران میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لئے خریدا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چابھار سے گرفتار ہونے والے پانچ دہشت گردوں میں سے دو دہشت گردوں کا تعلق ایک ہمسایہ ملک سے ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے حرم مطہراور پارلیمنٹ کی عمارت پر ہونے والے دہشتگردانہ حملوں میں جس کی ذمہ داری دہشتگرد گروہ داعش نے قبول کی تھی 17 افراد شہید اور 52 زخمی ہو گئے تھے۔