Jun ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • ایران کی اقوام متحدہ میں امریکہ کے خلاف شکایت

اسلامی جمہوریہ ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے امریکی حکام کے مداخلت پسندانہ بیانات کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترش کے نام ایک خط میں ایران میں نظام حکومت کی تبدیلی سے متعلق امریکی حکام کے بیانات کو خود مختار ملکوں کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت کا ثبوت قرار دیا ہے۔
خط میں دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امریکہ کے اس قسم کے رویوں کی سختی کے ساتھ مذمت کریں۔
 امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے چودہ جون کو سینٹ میں بیان دیتے ہوئے تمام عالمی ضابطوں اور قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، کہا تھا کہ امریکہ، ایران میں نظام حکومت کی تبدیلی میں مدد کرنے والے عناصر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
اقوام متحدہ  میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اپنے خط میں امریکی وزیر خارجہ کے بیان کو انیس سو اکیاسی کے الجزائر معاہدے کی بھی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے جس میں واشنگٹن نے ایران میں براہ راست یا بلواسطہ طور پر سیاسی اور فوجی مداخلت نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ٹیگس