ایران کی مسجدالحرام پر حملے کی شدید مذمت
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کل جمعہ کے روز مسجدالحرام پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنانے کا اعلان کیا تھا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مسجدالحرام پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے خطے کے ممالک سے ہوشیار رہنے اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے ہفتہ کے روز چند دہشتگرد عناصر کی جانب سے مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام پرناکام دہشتگردی کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےعلاقائی ممالک پر زور دیا کہ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کریں.انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نے پوری دنیا،علاقے اور اسلامی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ دہشتگردوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ کوئی قوم، مذہب، دین اور سرحدوں کو نہیں جانتے اور وہ اپنے شیطانی عزائم تک پہنچنے کے لئے حتی کہ مسلمانوں کے سب سے مقدس مقامات کو بھی نشانہ بناتے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشتگردی کی ہر شکل اور ہر جگہ مذمت کرتا ہے اور انسداد دہشتگردی کے لئے خطے کے ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے ہمیشہ تیار ہے.
واضح رہے کہ کل جدہ کے جنوب مشرق میں واقع علاقے العلیا میں ایک دہشت گرد نے سیکورٹی فورسز کے محاصرے میں آنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا.
سعودی سیکورٹی فورسز مکہ اور جدہ میں اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتارکرلیا ہے.