داعش کی شکست اور موصل کی فتح پر مبارکباد
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے عراق کے شہر موصل میں داعش کے دہشتگردوں کی بدترین شکست پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے اور اس کے مالی وسائل کو ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے موصل میں داعش کے دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کامیابی پر جوعراق کی مسلح افواج اور عوامی رضا کار فورس کی جانفشانی اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے حاصل ہوئی اس ملک کے عوام، عراقی قیادت، شیعہ علما اور مراجع عظام، رضاکار فورسز اور مختلف فرقوں اور ادیان کے پیروکاروں کو مبارکباد پیش کی.
قاسمی نے کہا کہ عراقی قوم کی سربلندی اور مزید کامیابی کے لئے دعاگو ہیں اور ایران کی جانب سے ایک متحد اور آزاد عراق کی حمایت جاری رہے گی.
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں دہشتگردوں اور تکفیریوں کی جڑوں کے مکمل خاتمے کے لئے تمام علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے آمادہ ہے.
واضح رہے کہ عراقی سیکورٹی فورسز نے جمعرات کے روز موصل کے قدیمی علاقوں بالخصوص تاریخی مساجد النوری اور الحدبا پر جہاں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی نے اپنی نام نہاد خلافت کا اعلان کیا تھا، مکمل کنٹرول حاصل کرلیا.
عراق کے قومی ٹیلی ویژن کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے داعش کے اصل گڑھ پر کنٹرول حاصل کرلیا جہاں داعش دہشتگردوں کے سرغنہ ابوبکر البغدادی نے جون 2014 میں یہاں سے عراق پر اپنی نام نہاد خلافت کا اعلان کیا تھا.
گزشتہ دنوں داعش کے دہشتگردوں نے موصل کی تاریخی النوری مسجد اوراس کے مینار کو شہید کیا جہاں داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی پہلی اور آخری بار منظرعام پر آیا تھا.