امریکہ نے ایٹمی سمجھوتے کو خطرے میں ڈال دیا ہے: بہرام قاسمی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے ایران مخالف غیر ایٹمی پابندیوں کو منظوری دے کر مشترکہ جامع ایکشن پلان پر کامیاب عمل درآمد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ کو چاہئے کہ وہ ایٹمی سمجھوتے کے مطابق اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ملکوں کے اندر منظور ہونے والے بل حکومتوں کی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بھاگنے کا بہانہ نہیں بن سکتے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ آئی اے ای اے کی تصدیق اور گروپ پانچ جمع ایک کے رکن ممالک کے اعتراف کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے اب تک مشترکہ جامع ایکشن پلان کی پابندی کی ہے اور توقع رکھتا ہے کہ امریکی حکومت سمیت دیگر فریق بھی اپنے وعدوں پر عمل کریں ۔
انھوں نے ایران مخالف پابندیوں کے بل کی منظوری کو مشترکہ جامع ایکشن پلان کی روح اور متن کے منافی قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے قومی مفادات کے تناظر میں، مناسب جوابی اقدام کرے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی فوج اور میزائلی صلاحیتوں کے بارے میں کہا کہ ایران کا میزائلی پروگرام سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کے مطابق ہے اور کوئی بھی موضوع ایران کو اس کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کی اصولی پالیسیوں پر عمل درآمد سے نہیں روک سکتا-