صدرمملکت کی تقریب حلف برداری میں متعدد غیر ملکی وفود کی شرکت
صدرمملکت کی تقریب حلف برداری میں عالمی رہنماوں، اعلی حکام اور شخصیات شرکت کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن علیرضا رحیمی نے کہا کہ 5 اگست کو دارالحکومت تہران میں واقع پارلیمنٹ کی ایک خصوصی تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹرحسن روحانی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس پر وقارتقریب حلف برداری میں 90 سے زائد غیر ملکی وفود شرکت کریں گے۔
دوسری جانب ایران کے صدارتی دفتر کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے معاون پرویز اسماعیلی نے آج کہا کہ اب تک 92 غیرملکی وفود کی شرکت حتمی ہوگئی ہے تاہم اس کی تعداد میں اضافے کا امکان بھی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری میں ایشیا سے 25 وفود، عربی اور افریقی خطے سے 26 اور لاطینی امریکہ اوریورپی ریاستوں سے 30 وفود شریک ہوں گے جن میں 8 ملکوں کے صدور اور 19 ممالک کے اسپیکر اور اعلی حکام شامل ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ آٹھ صدور اور 19 اسپیکروں کے علاوہ، 9 نائب صدور اور وزیراعظم، ۷ نائب اسپیکر، 11 ملکوں کے وزرائے خارجہ اور 35 ممالک کے خصوصی ایلچی اس تقریب میں شرکت کریں گے.
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے 12ویں صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری 5 اگست بروز ہفتہ کو پارلیمنٹ میں منعقد کی جائے گی جبکہ اس سے قبل رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے ایران کے منتخب صدر کو باضابطہ صدارتی حکم نامہ پیش کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوگی ۔
19 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے صدر
حسن روحانی کو23 ملین 5 لاکھ 49 ہزار 616 ووٹ ملے۔