Aug ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ، ایرانی وزیرخارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے صیہونی حکومت کو عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی علاقوں کی شناخت ختم کر دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے صیہونی حکومت کو عالم اسلام کے لئے سب سے بڑا خطرہ قراردیا اور کہا کہ ترکی میں بیت المقدس اور فلسطین کے موضوع پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس اسلامی ملکوں کا بروقت اور ہم آہنگ اقدام ہے - وزیرخارجہ جواد ظریف نے جو او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے استنبول پہنچے ہیں  ہوائی اڈے پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اپنی غاصبانہ پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے سرزمین فلسطین کی شناحت اور تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور وہ پورے فلسطین کو یہودی علاقے میں تبدیل کردینا چاہتی ہے - ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت نے یہ پالیسیاں اس لئے اپنا رکھی ہیں کہ اسلامی ممالک دیگر مسائل میں جو غیر حقیقی اور غیر ضروری ہیں الجھے ہوئے ہیں-  وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ذریعے فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کو روکنا اور اس کی جارحانہ اور غاصبانہ پالیسیوں کو لگام دینا اسلامی جمہوریہ ایران کا اصل مقصد ہے - ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اور علاقے کے ممالک صیہونی حکومت کی پالیسیوں سے ہوشیار رہیں اور  غاصب حکومت کو اس  بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ اسلامی ملکوں کی توجہ اصل خطرے سے منحرف کردے - بیت المقدس، مسجد الاقصی اور فلسطین کے مسئلہ پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا  ہنگامی اجلاس منگل کو استنبول میں ہورہا ہے - اس درمیان ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے استنبول میں اپنی ملاقات میں دوطرفہ تعاون میں توسیع کے طریقوں اور مسئلہ فلسطین کے حل کے بارے میں بات چیت کی - ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے سرزمین فلسطین خاص طور پر بیت المقدس میں صیہونی حکومت کی تازہ ترین جارحیت اور تشدد آمیز ا قدامات کو روکنے کے بارے میں بات چیت کی - صیہونی حکومت کے فوجیوں نے وزیراعظم نتنیاہو کے حکم پر گذشتہ چودہ جولائی سے تین دن تک مسجد الاقصی کے دروازوں کو بند کردیا تھا لیکن اس کے بعد فلسطینیوں اور عالمی رائے عامہ کے دباؤ کے بعد دروازے تو کھول دئے تاہم الیکٹرانیک گیٹ لگا کر مسجد الاقصی میں فلسطینیوں کے داخلے میں مشکلات کھڑی کردی ہیں -

 

ٹیگس