Aug ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران  کی جانب سے بارسلونا واقعے کی شدید مذمت

ایران نے اسپین کے شہربارسلونا میں گزشتہ رات دہشت گردی کے حملے اور غیرانسانی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے آج جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں بارسلونا سٹی سنٹر میں گزشتہ رات ہونے والی دہشتگردی کی کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کی اورہسپانوی قوم اور حکومت کے ساتھ یکجہتی اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ عالمی مشکلات کو عالمی حکمت عملی کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے لہذا دنیا کے امن پسند اور ذمہ دار ممالک تشدد، بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف  مشترکہ جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی مسلسل شکست کے بعد، اب دنیا کے مختلف علاقوں میں ہولناک کارروائیاں کرنا ان عناصر کا مقصد بن چکا ہے اور یہ درندہ عناصر نہتے عوام کو نشانہ بنانے پراتر آئے ہیں۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ آج داعش دہشتگردوں کی کارروائیاں صرف ایک مخصوص خطے تک محدود نہیں بلکہ یہ اس کی دہشتگردانہ  کارروائیاں دنیا کے مختلف علاقوں تک پھیل چکی ہیں اور آج مشرق وسطی سے لے کر افریقہ، مشرقی ایشیا اور یورپ تک ایسی انسانیت سوز کارروائیوں کا مشاہدہ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسپین کے شہر بارسلونا میں گزشتہ رات دہشتگردوں نے وین راہگیروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے. پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا۔

بارسلونا حملے کی ذمہ داری دہشتگرد گروہ داعش نے قبول کی۔

ٹیگس