صدر ایران: نوروز نفرتوں اور کینے سے آگے بڑھنے اور محبت و دوستی کو مزید گہرا کرنے کا پیغام دیتا ہے
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایک پیغام میں عید نو روز کے موقع پر نوروز کے ثقافتی دائرے میں شامل ممالک کے سربراہان کو مبارکباد دی۔
سحرنیوز/ایران:اپنے پیغام میں انہوں نے دوست، برادر اور مسلمان ممالک کی حکومتوں سے کہا کہ وہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے قدیم ایران کے خلاف ہونے والے تاریخی ظلم کے سامنے غیر جانبدار نہ رہیں۔
سحر نیوز کے مطابق، صدر نے نوروز کو ایک مشترکہ ثقافتی میراث قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے وسیع حصوں میں اس تہوار کی روایت انتہائی قدیم اور عوام کے لیے تازگی، نئے خیالات اور نئی سوچ کی علامت ہے۔
ان کے مطابق نوروز لوگوں کو نفرتوں اور کینے سے آگے بڑھنے اور محبت و دوستی کو مزید گہرا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ ایرانی قوم گزشتہ ایک سال کے دوران دو مرتبہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے غیر قانونی حملوں کا شکار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوروز کے قریب آنے والے دنوں میں بھی جارحانہ حملے ، معصوم شہریوں اور بچوں کی شہادتیں اور اسپتالوں، ثقافتی مقامات اور تاریخی عمارتوں پر بمباری جیسے اقدامات جاری رہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے مطابق، اس سب کے باوجود ایران اپنی خود مختاری، قومی حاکمیت اور سرزمین کا دفاع انتہائی استقامت کے ساتھ کررہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے حالات میں دوست، برادر اور مسلمان حکومتوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس بے قابو قانون شکنی اور تاریخی ظلم کے سامنے خاموش تماشائی نہ بنیں۔
آخر میں صدر نے امید ظاہر کی کہ اس بہار اور نئے سال کی آمد (نوروز) کی برکت سے انسانیت الہی اور انسانی تعلیمات کی روشنی میں دنیا بھر میں صلح، دوستی اور سکون کو فروغ دے اور دنیا سے نا انصافی اور عدم مساوات ختم کرنے کی طرف قدم بڑھائے۔
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel