ایران جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کی گفتگو ، جنوبی کوریا آبنائے ہرمز پر فکر مند
ایران اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال، خاص طور پر آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے ایک اہم ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران:سحر نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے ایران میں حالیہ شہادتوں، بشمول میناب میں امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والی پرائمری اسکول کی بچیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی، جنگ کے ناگوار نتائج اور آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال پر عالمی معیشت کے لیے تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس کے جواب میں، ایرانی وزیر خارجہ نے جوہری مذاکرات کے دوران امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ، امریکہ اور اسرائیل کے غیر قانونی حملوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ان جارحیتوں کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز حملہ آور ممالک اور ان کے حامیوں کے لیے بند ہے۔ تاہم، دیگر ممالک کے بحری جہاز ایرانی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد آبنائے ہرمز سے بلا کسی رکاوٹ کے گزر سکتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے قونصلر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel