ایران تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پڑوسیوں کی طرف سے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ہر مثبت اور تعمیری اقدام کا ہمیشہ خیرمقدم کرتا رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جمعرات کو قطر کے وزیرخارجہ کی جانب سے ایران کے وزیرخارجہ کوفون کر کے دوحہ کا سفیر تہران بھیجنے کی اطلاع دینے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر کے وزیرخارجہ نےگذشتہ شب وزیرخارجہ جواد ظریف کو فون کیا تھا اور اپنا سفیر دوبارہ تہران بھیجنے کی بات کی تھی جس کا ایران کی حکومت نے خیرمقدم کیا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی اور دائمی پالیسی تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے پر استوار رہی ہے اور رہے گی۔
انھوں نے کہا کہ ایران، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کی بنیاد پر اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں اقتصادی ترقی کی زمین ہموار کرنے اور امن و ثبات قائم کرنے کا واحد راستہ علاقائی ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا، انھیں فروغ دینا اور علاقے کے امور میں بیرونی ممالک کی مداخلت کو روکنا ہے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران پڑوسی ممالک کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اشتراک عمل اور ان کے درمیان بعض مسائل کو حل کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کو فون کر کے دوحہ کے سفیر کی تہران میں واپسی کی اطلاع دی ہے۔
قطر نے جنوری دوہزارسولہ میں سعودی عرب کے دباؤ میں آکر تہران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔