Jul ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: کربلا کے زائرین پر نئی پابندی کی مخالفت

پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی جانب سے اربعین امام حسین علیہ السلام کے لئے زمینی راستے سے کربلا جانے پر پابندی کے اعلان کے خلاف پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: مجلس وحدت المسلمین نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے اس فیصلے کے ذریعے کروڑوں زائرین کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین کے جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی زائرین زمینی راستے سے ایران اور عراق جاتے ہیں اور حکومت کے اس اچانک فیصلے سے حکومت کی نااہلی کی نشاندہی ہوتی ہے۔

ہزاروں پاکستانی زائر زمینی راستے سے ایران آتے رہے  ہيں

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر حافظ ریاض حسین نجفی کا کہنا ہے کہ سڑک کے راستے سفر پر پابندی عائد کرنا حکومت کی طرف سے ناکامی کا اعتراف ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ۔حکومت کے اس فیصلے کو ہدف تنقید بنایا جا رہا ہے۔

سیو زائرین جیسے ہیش ٹیگ کے ساتھ حکومت سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے وزارت خارجہ ، بلوچستان کی صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی مشاورت کے بعد حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر زمینی راستے سے کربلا جانے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کا مقصد امن و امان کی برقراری اور قومی مفادات کا تحفظ ہے۔

ٹیگس