Jul ۲۸, ۲۰۲۵ ۲۰:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستانی میڈیا جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر عوام کے اعتماد اور اپنی پیشہ ورانہ ساکھ پر سمجھوتہ نہ کرے: ایرانی سفارت خانہ

ہندوستانی میڈیا کو چاہیے کہ وہ جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر عوام کے اعتماد اور اپنی پیشہ ورانہ ساکھ پر سمجھوتہ نہ کرے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستان میں موجود اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ ہندوستانی نیوز اداروں نے، جن میں چند معروف میڈیا ہاؤسز بھی شامل ہیں، ایران اور اس کی عظیم قیادت کے خلاف بے بنیاد رپورٹس شائع کی ہیں۔ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ نہ صرف عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ ان میڈیا اداروں کی پیشہ ورانہ ساکھ کو بھی شدید طور پر مجروح کرتی ہے۔

سفارت خانہ اظہارِ رائے کی آزادی اور عوام کے حقِ معلومات کا مکمل احترام کرتا ہے، تاہم وہ ہندوستانی میڈیا پر زور دیتا ہے کہ وہ معتبر اور غیر جانبدار ذرائع پر انحصار کرے اور ایران کے بارے میں سنسنی خیز اور غلط مواد پھیلانے سے گریز کرے۔سفارت خانہ یہ بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ اسلامی انقلاب کے سپریم لیڈر، بطور ایرانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر، نے صیہونی حکومت کے خلاف مسلط کردہ "بارہ روزہ جنگ" کے دوران فوجی کارروائیوں کی کامیاب رہنمائی کی۔ اسی دوران اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے بھرپور دفاع کے ذریعے صیہونی حکومت کو بھاری شکست دی۔

سفارت خانہ توقع کرتا ہے کہ ہندوستانی میڈیا صحافتی دیانت داری کو برقرار رکھے گا، بیرونی پروپیگنڈا مہم کا حصہ بننے سے گریز کرے گا اور دونوں عظیم تہذیبی ریاستوں کے عوام کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کے تاریخی رشتوں کو مضبوط بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

ٹیگس