جنوبی افریقہ کی اسپیکر کی صدر حسن روحانی سے ملاقات
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔
تہران میں جنوبی افریقہ کی قومی اسمبلی کی اسپیکر محترمہ بالیکاایم بیٹے سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران براعظم افریقہ کے تمام ملکوں، خاص طور سے جنوبی افریقہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے لیے تیار ہے۔
صدر حسن روحانی نے ایران اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
صدر نے کہا کہ دونوں ممالک، عالمی امن و استحکام کے قیام اور ترقی پذیر ملکوں کے مفادات کے تحفظ کی غرض سے بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے سے قریبی تعاون کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کی قومی اسمبلی کی اسپیکر محترمہ بالیکا ایم بیٹے نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ اور ایران کو عالمی امن و سلامتی کے لیے، بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم بنانا چاہیے۔