دشمن ایران پر جارحیت کی جرائت نہیں رکھتا، جنرل باقری
ایران کے چیف آف آسٹاف جنرل محمد حسین باقری نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج دشمن کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
بری فوج کے خاتم الانبیا ائیر ڈیفینس ہیڈکوارٹر میں فوجی جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل محمد حسین باقری نے کہا کہ اگر چہ دشمن ایران پر جارحیت کی جرائت نہیں رکھتا تاہم مسلح افواج کو ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر دشمن نے ایران پر حملہ کیا تو وہ جنگ کا دائرہ صرف ایران تک محدود نہیں رکھ سکے گا اور ایران کی طاقت ان پر غالب آجائے گی۔
چیف آف آسٹاف جنرل محمد حسین باقری نے کہا کہ ایران کے خلاف زمینی جارحیت کا امکان بہت ہی کم ہے کیونکہ دشمن ایرانی سپاہیوں کے ساتھ براہ راست زمینی جنگ سے بے انتہا خوفزدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ دشمن ایران کے خلاف فضائی اور میزائلی حملے کی کوشش کرے تاہم اسے اس کا منہ توڑ جواب دیائے گا۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے ایئر ڈیفنس یونٹوں کو ملکی سرحدوں کا اہم ترین محافظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے بھی ایئر ڈیفنس کو مضبوط اور مستعد بنانے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری پر ہمیشہ تاکید فرمائی ہے۔