Sep ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • اسلامی ملکوں میں سائنسی تعاون بڑھانے پر زور

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام اسلامی ملکوں کے ساتھ سائنسی اور تکنیکی تعاون کے لیے تیار ہے۔

قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں سائنس و ٹیکنالوج کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے اسلامی ملکوں پر زور دیا کہ وہ دشمنان اسلام کی سازشوں سے پوری طرح ہوشیار رہیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔صدر حسن روحانی نے اسلامی دنیا کو عالمی نظام کا ایک انتہائی اہم اور موثر حصہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اسلامی دنیا کی طاقت، ترقی اور استحکام، عالمی ترقی اور استحکام کا باعث ہے جبکہ اسلامی دنیا کی کمزوری اور تفرقے کے باعث عالمی امن و سلامتی اور استحکام کا عمل ناممکن ہوجائے گا۔صدر حسن روحانے کہا کہ دنیا سے جہالت، غربت، جنگ اور تشدد کے خاتمے اور ترقی یافتہ دنیا میں قدم رکھنے کے لئے اسلامی ملکوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور مسلم اقوام میں امید، ترقی اور اتحاد کو فروغ دینا ہوگا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات، روہنگیا مسلمانوں پر انتہا پسند بدھسٹوں کے وحشیانہ حملے، شام اور عراق میں انتہا پسندوں کے ہاتھوں رونما ہونے والے انسانی المیے اور یمن کے عوام کے خلاف جنگ کا تسلسل ایسے مسائل ہیں جن سے نمٹنے کے لیے اسلامی دنیا کے درمیان مزید اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران انسانی تاریخ میں علم و تہذیب کے علمبردار کی حثیت سے اسلامی ملکوں کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے۔صدر حسن روحانی نے امید ظاہر کی آستانہ اجلاس مختلف شعبوں میں اسلامی دنیا کے درمیان تعمیری تعاون کے فروغ کا باعث بنے گا۔

ٹیگس