امریکی اقدامات ایٹمی معاہدے کی روح اور متن کے منافی ہیں
جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب نے امریکی اقدامات کو جامع ایٹمی معاہدے کے منافی قرار دیا ہے۔
ویانا میں آئی اے ای اے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب محمد رضا نجفی کا کہنا تھا کہ جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کرنا اور اپنے حصے کے اقدامات کو ٹھیک ٹھیک انجام دینا اس معاہدے پر دستخط کرنے والے تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کو بیس ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر رہا ہے لیکن امریکہ بدستور معاہدے کے متن اور اس کی روح کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ایران کے مستقل مندوب نے امریکی رویئے کو غیر تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ جامع ایٹمی معاہدے کو کمزور کرنے پر تلا ہوا ہے-محمد رضا نجفی نے آئی اے ای اے پر کسی بھی قسم کے امریکی دباؤ کے نتیجے میں ادارے کی پیشہ وارانہ اور غیر جانبدارانہ حثیت متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایران کے اقتصادی، فنی، صنعتی اور دیگر رازوں اور معلومات کی حفاظت کرنا جوہری توانائی کے عالمی اداے کی اولین ذمہ داری ہے۔آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب نے اسرائیل کے ایٹمی پروگرام کو علاقائی اور عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے اس معاملے کا سنجیدگی کے ساتھ نوٹس لینے کی ضرورت پر زور دیا۔