ایران کے حقوق کو پامال کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا
ایران کے صدرنے کہا ہے کہ ایرانی قوم اپنے وعدوں پر قائم و دائم ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کل رات نیو یارک میں امریکہ میں بسنے والے ایرانیوں، مشہور شخصیات اورعمائدین کی شرکت سے منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، قوم کے حقوق کو پامال کرنے والوں کو مناسب اور بھرپور انداز میں جواب دے گا۔ ڈاکٹرحسن روحانی نے ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے کہا کہ یہ معاہدہ خطے اور دنیا کی تاریخ میں زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے دنیا پر ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر قائم ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ جوہری معاہدہ کوئی دوطرفہ سمجھوتہ نہیں بلکہ یہ چند فریقی سمجھوتہ ہے جس کی تصدیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی ہوئی ہے. انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے سے نکلنے کا مقصد ہونے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنا ہے جو کسی کیلئے باعث فخر بات نہیں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ اور حساس حالات میں تاریخ رقم کی ہے اور ملک میں حالیہ صدارتی انتخابات بھی ایک تاریخی واقعہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانیوں نے 19 مئی 2017 کے انتخابات میں بھر پورشرکت کی اورحالیہ انتخابات میں عوام کا جذبہ دیدنی تھا جبکہ مختلف شہروں اور صوبوں میں نوجوانوں بالخصوص خواتین کی شرکت تاریخی رہی۔ صدر روحانی نے کہا کہ صدارتی تقریب حلف برداری میں دنیا کے 105 ممالک کے اعلی رہنما اور حکام کی شرکت سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عالمی برادری ایرانی قوم، انتخابات اورعوامی مینڈیت کا احترام کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی اقوام متحدہ کی 72ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیو یارک کے دورے پر ہیں۔ دورہ اقوام متحدہ کے موقع پر وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، کابینہ کے سنیئر وزرا اور معاونین ڈاکٹر روحانی کے ہمراہ ہیں۔ صدر روحانی 20 ستمبر بروز بدھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔