ایران اور ترکی تعلقات کے فروغ میں پر عزم
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے کہا ہے کہ تہران اور انقرہ باہمی تجارت کا حجم تیس ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے پر عزم ہیں۔
انقرہ میں ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے تیس ارب ڈالر سالانہ کی تجارت کا ہدف پورا کرنے کے لیے ضروری منصوبہ بندی کرلی ہے۔ایران کے نائـب صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ترک وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں روہنگیا مسلمانوں کی تازہ ترین صورتحال اور امداد رسانی کے معاملے پر بھی بات چیت کی ہے۔اسحاق جہانگیری اور بن علی یلدرم کے درمیان ملاقات میں فلسطین کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے حق خودارایت پر زور دیا۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی لین دین کے فروغ کے پہلے قدم کے طور پر، قومی کرنسیوں کا استعمال کریں گے۔ایران کے نائب صدر اور ترک وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے دو سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔