Oct ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • دفاعی توانائی ایران کی ریڈ لائن ہے، مسلح افواج کے ترجمان کا بیان

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی توانائی ریڈ لائن ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سینئیر ترجمان بریگیڈیر سید مسعود جزائری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مغربی ملکوں کی دھمکیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی توانائیوں پر بات چیت نہیں کی جا سکتی، کہا ہے کہ دفاعی توانائی ایران کی ریڈ لائن ہے-

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج کی دنیا میں ایران کو امریکا اور بین الاقوامی صیہونیزم جیسے شیطانی دشمنوں کا سامنا ہے، کہا کہ جو سیاسی ہنگامہ آرائی اور دباؤ ڈالنے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے اس کا مقصد ایران کی دفاعی توانائی کو روکنا ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران اس طرح کے سیاسی ہنگاموں کی پروا کئے بغیر اپنا راستہ جاری رکھے گا-

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملکوں کے میزائلی پروگراموں کو محدود کرنے کے لئے کوئی بھی بین الاقوامی قرارداد یا معاہدہ نہیں ہے، کہا کہ ایٹمی معاملہ میزائلی اور دفاعی معاملے سے مختلف ہے اور ایران کبھی بھی اپنے دفاعی اور فوجی معاملے اور توانائی پر کسی سے بات چیت نہیں کرے گا-

بریگیڈیر مسعود جزائری نے عراق اور شام میں ایران کے فوجی مبصرین کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ علاقے کے بعض ملکوں میں ایران کے فوجی مبصرین کی موجودگی خود ان ملکوں کی درخواست کی بنا پر ہے جو ہر لحاظ سے قانونی ہے اور جب تک ان ملکوں کی حکومتیں ضروری سمجھیں گی اسلامی جمہوریہ ایران ان کی مدد سے دریغ نہیں کرے گا-

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان نے امریکا کو دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا مرکز قرار دیا اور کہا کہ علاقے میں امریکا کی فوجی موجودگی پراکسی وار کے لئے ہے جو اس نے ہی شروع کر رکھی ہے-

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے بارہا امریکیوں پر واضح کیا ہے کہ وہ علاقے میں اپنے رویّوں اور اقدامات کا خیال رکھیں لیکن اگر انہوں نے حد سے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو اسلامی جمہوریہ ایران ان کا سختی سے مقابلہ کرے گا-

 

ٹیگس