Oct ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران فضائیہ کی ساتویں مشقوں کا کل سے آغاز

فدایان حریم ولایت دو ہزار سترہ کے نام سے ایرانی فضائیہ کی ساتویں مشقیں منگل سے مرکزی ایران سے شروع ہوں گی۔

فضائی مشقوں کے ترجمان برگیڈیئر جنرل مسعود روز خوش نے بتایا ہے کہ دو روزہ فضائی مشقوں کے دوران درجنوں لڑاکا اور بمبار طیاروں کے علاوہ، ہلکے اور بھاری قسم کے ٹرانسپورٹ، ایندھن فراہم کرنے والے ہوائی جہاز نیز پائیلٹ اور بغیر پائیلٹ کے جاسوس طیارے حصہ لیں گے۔
بریگیڈیئر جنرل مسعود روز خوش نے بتایا کہ فضائی مشقوں کے دوران، اینٹی ایئرکرافٹ رینج سے باہر انتہائی بلندی پر ہیلی بورن کی مشقیں کی جائیں گی جبکہ فضا سے زمین پر اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے بموں اور میزائیلوں ایکوریسی اور تخریبی طاقت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فضائی مشقوں کے دوران فضائیہ کے جاسوس اور ڈرون طیارے علاقے کی صورت حال کے بارے میں انٹیلی جینس مشن بھی انجام دیں گے جن کی بنیاد پر فضائیہ کے لڑاکا، بمبار اور ٹرانسپورٹ طیاروں کو فوری اور بھرپور ردعمل کے لیے بھیجا جائے گا۔
بریگیڈیئر جنرل مسعود روز خوش نے کہا کہ فضائی مشقوں کے دوران فرضی دشمن کے ٹھکانوں کا پتہ لگانے کے بعد انہیں فضائی مشن کے دوران تہس نہس کرنے کی ریہرسل بھی انجام پائے گی۔
فدایان حریم ولایت دو ہزار سترہ کے ترجمان نے کہا کہ مشقوں کے دوران مختلف بلندیوں اور رفتار کے ساتھ، دن اور رات کے وقت بھرپور فضائی جنگ کا بھی تجربہ کیا جائے گا جس میں مختلف طرح کی گولیاں، اسمارٹ اور گائیڈیڈ بم اور میزائل استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایرانی ماہرین کے تیار کردہ مختلف ریڈاروں اور دفاع کے دوسرے الیکٹرانک آلات کا بھی تجربہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فضائی مشقوں کے دوران ملکی دفاعی صنعتوں اور تحقیقاتی اداروں کے تعاون سے تیار کیے جانے والے دفاعی نظاموں اور ترقی یافتہ ہتھیاروں کی بھی نمائش کی جائے گی۔

ٹیگس