چہلم شہدائے کربلا میں شرکت کے لئے بیس لاکھ ایرانی زائرین کے لئے ویزوں کا اجرا
اربعین حسینی سے متعلق کمیٹی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم میں شرکت کے لئے عراق جانے کے لئے اب تک بیس لاکھ ایرانی زائرین کو ویزے جاری کئے جا چکے ہیں۔
اربعین حسین سے متعلق کمیٹی کے ترجمان شہریار حیدری نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم میں شرکت کے لئے عراق جانے کے لئے اب تک بیس لاکھ ایرانی زائرین کو ویزے جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ ایران میں ایک لاکھ چالیس ہزار غیر ملکیوں نے بھی عراق کے ویزے کے لئے اپنے نام درج کروائے ہیں اور اب تک چالیس ہزار غیر ملکیوں کو بھی عراق کی زیارتوں کے ویزے جاری کئے جا چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ویزے حاصل کرنے والے زائرین، ایران اور عراق کی سرحدوں منجملہ مہران، شلمچہ اور چذابہ سے قانونی مراحل طے کرنے کے بعد عراق میں داخل ہو سکتے ہیں۔
شہریار حیدری نے کہا کہ چہلم شہدائے کربلا میں گذشتہ سال بیس لاکھ سے زائد ایرانی زائرین نے شرکت کی تھی جبکہ اس سال یہ تعداد بڑھ کر تقریبا تیس لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ہرسال دنیا کے مختلف ملکوں سے دسیوں لاکھ زائرین شہدائے کربلا کے چہلم میں شرکت کے لئے عراق پہنچتے ہیں۔