سعودی عرب بچوں کا سب سے بڑا قاتل ملک
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے سعودی عرب کو بچوں کا سب سے بڑا قاتل ملک قرار دیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو کا کہنا تھا کہ یمن میں سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات نے ساری دنیا کی توجہ اس ملک کے مظلوم بچوں کی جانب مبذول کرادی ہے۔
انہوں نے یمن کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جرائم کو بچوں کے قتل عام کا نام دیا جانا چاہیے۔
غلام علی خوشرو نے بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کے خلاف اقوام متحدہ کے نرم انتخابی رویے کو بچوں کے ساتھ کھلی خیانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے رویئے سے اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یمن پر جارحیت کے تین سال مکمل ہو رہے ہیں اور اس ملک کے عوام کو شدید مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی تمام تر مشکلات اور مسائل کی ذمہ داری سعودی حکومت پر عائد ہوتی ہے جو سیاسی طریقے سے مصالحت کو آگے بڑھانے کے بجائے جنگ و جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔