تہران باکو تعاون کے فروغ پر تاکید
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران اور باکو کے درمیان تعاون کے فروغ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے حکام، دونوں ملکوں کے ہمہ جہتی تعلقات اور تعاون کو زیادہ زیادہ فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں آذربائیجان کے صدر الہام علی اف سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے حکام اور وفود کے درمیان ملاقات اور دوروں کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ایران اور آذربائیجان کی ضروریات کو پورا کئے جانے کے لئے دونوں ملکوں کی توانائیوں سے زیادہ زیادہ استفادہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے دونوں ملکوں کے مشترکہ اقدار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کی اہمیت پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی جو ایران، روس اور آذربائیجان کے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر ہیں، کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سہ فریقی تعاون کا فروغ تینوں ملکوں کے لئے اچھے نتائج کا حامل ہے اور اس سے امن و استحکام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انھوں نے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف مہم کو بھی اہم قرار دیا اور کہا ایران، دہشت گردی کے خلاف مہم اور علاقائی امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔