ایران دنیا کے ساتھ خوشگوارتعلقات کا خواہاں ہے، صدر مملکت ڈاکٹر روحانی
صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی دنیا کے ساتھ تعمیری اور باعزت روابط کے فروغ پر مبنی ہے اور ایران نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ علاقائی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کی رات براہ راست نشر ہونے والے ٹی وی انٹرویو میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق اور شام کے لئے ایران کی مدد و حمایت اور اسی طرح عراقی کردستان کے مسئلے پر ایران، عراق اور ترکی کے تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، علاقے میں امن و امان بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ ایران، یورپی یونین اور روس کے درمیان اچھے تجارتی اور بین الاقوامی تعلقات قائم ہیں اور سعودی عرب جیسے ایک دو ممالک کو چھوڑ کر علاقائی ممالک بالخصوص ترکی، عراق، افغانستان، پاکستان اور قطر کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات ہیں.انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قطر، عراق، شام اور لبنان میں ناکام ہونے اور اپنے اندرونی مسائل اور تنازعات کی وجہ سے سعودی عرب ہمارے ملک کا دشمن بنا ہوا ہے۔ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ سعودی عرب اپنی غلط پالیسیوں سے صرف اپنے لئے مسائل و مشکلات پیدا کر رہا ہے۔صدر مملکت نے ایران کو علاقے کی توانائی، ریلوے کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے اکثر ہمسایہ ممالک کے ساتھ بجلی کےشعبے میں تعاون کرتاہےصدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ بہت جلد ایران ریلوے کے ذریعے اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے متصل ہو جائے گا۔