شیعہ ہلال کا پروپیگنڈہ بیمار اور پسماندہ ذہنوں کی اختراع ہے، ایران
ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات اور بقائے باہمی کا خواہاں ہے۔
قومی ٹیلی ویژن سے براہ راست نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرڈاکٹر علی لاریجانی نے ملک کی خارجہ پالیسی کی جہت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ تہران کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ انہوں نے شیعہ ہلال کے پروپیگنڈے کو بیمار اور پسماندہ ذہنوں کی اختراع قرار دیتے ہوئے اسے سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خطے کے بارے میں ایران کی پالیسیاں پوری طرح سے واضح ہیں اور تہران خطے کے ملکوں کے ساتھ سنجیدہ تعلقات کے قیام میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ خطے کا مستقبل خطے کے ہی ملکوں کو مل کر سنوارنا ہو گا۔
ایران کے پارلیمانی اسپیکر نے خطے میں داعشی دہشت گرد گروہ کی شکست اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کی ناکامی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے عراق اور شام کی حکومت کی درخواست پر انہیں مدد فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا یہ اقدام نہ صرف ایران بلکہ خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی جچا تلا اور بنیادی اقدام ہے جسے سراہا جانا چاہیے۔