Dec ۰۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کا اقدام غاصبانہ قبضے کو قانونی حیثیت دینا ہے

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے فلسطین پرغاصبانہ قبضے کو علاقے کے تمام بحرانوں کا جڑقراردیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر در اصل غاصبانہ قبضے قانونی حیثیت دینے کی کوشش کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق غلام علی خوشرو نے جمعہ کے روزاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امن کی ثقافت کے زیرعنوان اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے عالمی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ فلسطینیوں کے مسلمہ حق من جملہ بیت المقدس سے انکار کی ہر قسم کی کوشش سے  حالات کے خراب ہونے کے علاوہ کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، امریکہ اوراسرائیل کو اس قسم کے غیر قانونی اور غیر ذمہ  دارانہ اقدامات کے خطرناک نتائج کا ذمہ دار سمجھتی ہے۔

غلام علی خوشرو نے مشرق وسطی میں ٹرمپ کی پالیسی کو منافقت پرمبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ  اسرائیل کی حمایت کی وجہ سے فلسطینیوں کے مسلمہ حقق سے چشم پوشی  کر کےعالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کے روزبیت المقدس کواسرائیل کا دارالحکومت قراردیا جس پرعلاقائی اورعالمی سطح پر سخت ردعمل آیا اور ایران سمیت دنیا بھر میں اس کی مذمت کی گئی اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگس