Dec ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
  • صیہونی قبضہ مشرق وسطی کے بحرانوں کی وجہ

ایران نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری ووٹنگ سے یہ بات کھل کر سامنے آئی کہ امریکی عزائم ناکام رہ گئے اور فلسطین پر قبضہ اب بھی مشرق وسطی کے تمام بحرانوں کی اصل جڑ ہے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے غیرمعمولی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین پر صیہونیوں کا قبضہ مشرق وسطی کے تمام بحرانوں کا مرکز ہے اور یہ وہ حقیقت ہے جس کا اقوام متحدہ نے سالوں پہلے انکشاف کیا تھا۔

اس موقع پر غلام علی خوشرو نے کہا کہ ناجائز صیہونی ریاست نے ظلم و بربریت کے ذریعے مظلوم فلسطینی عوام کو سالوں سے یرغمال بنا رکھا ہے اور ایسے مظالم کا ساتھ دینے میں امریکہ نے اسرائیل کا بھر پور ساتھ دیا۔ 

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ہمیشہ ویٹو سے غلط فائدہ اٹھایا جس کا مقصد صرف صہیونیوں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

غلام علی خوشرو نے کہا کہ بیت المقدس کو صیہونی دارالحکومت تسلیم کرنے پر امریکہ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اسے صرف اسرائیل سے سروکار ہے اور اس کی نظر میں فلسطینی قوم کی کوئی حّثیت واحترام نہیں ہے۔

ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ فلسطین مسلمانوں اور تمام عالم اسلام کے دل و ذہن میں زندہ رہے گا اور اس حقیقت کو جھٹلانے کا مطلب قابض اور جابر صہیونیوں کا ساتھ دینا ہے۔

ٹیگس