فلسطین سے متعلق بحرین کے وزیر خارجہ کے بیان پرایران کا رد عمل
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ سازشوں اور خود ساختہ بحرانوں کے باوجود فلسطین عالم اسلام کی پہلی ترجیح کے طور پرباقی رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بحرینی وزیرخارجہ کے حالیہ بیان پر جس میں انہوں نے امریکہ اور صیہونیوں کو خوش کرنے کے لئے کہا تھا کہ القدس ایک معمولی مسئلہ ہے سخت ردعمل دکھاتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی تک اس مسئلے کی حمایت جاری رہے گی ۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ بدقسمتی اور افسوس کی بات ہے کہ ایک عرب ملک مسئلہ فلسطین کو معمولی رنگ دیتا ہے جو گزشتہ سات دہائیوں سے ظلم و بربریت کا شکار ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سازشوں بالخصوص خطے میں امریکہ اور صیہونیوں کی سر توڑ کوششوں کے باوجود مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام کا پہلا اور ترجیحی مسئلہ رہے گا، فلسطین اسلام کے دل کی دھڑکن ہے اور کوئی بھی اسے مسلم امہ سے الگ نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ جنرل اسمبلی کی غیرمعمولی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک 128 ممالک کے نمائندوں نے امریکی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے القدس کے معاملے پرقرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا۔